17 جولائی 2012
وقت اشاعت: 3:40
پاکستان اور ایران کے درمیان وسیع تجارت میں اضافے کا امکان
آج نیوز - ایران کے قونصل جنرل نے کہا ہے کہ دنیا کے مختلف ممالک کے ساتھ وسیع تجارت جاری ہے، پاکستان سے بھی دوطرفہ تجارت میں فوری اضافہ چاہتے ہیں۔ وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت کے صدر حاجی فضل قادر خان سے ملاقات میں ایران کے قونصل جنرل عباس علی عبدالہٰی نے کہا کہ پاک ایران باہمی تجارت کا حجم دس ارب ڈالر سے بھی بڑھایا جاسکتا ہے، انھوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات تیسرے ملک کے ذریعے ایران پہنچ رہی ہیں، یہ مصنوعات ایران کو براہ راست برآمد کی جاسکتی ہیں، قونصل جنرل نے بتایا کہ پاک ایران چاول، گندم، پھل، خورنی تیل اور آئرن اوور سمیت مختلف اشیا کے لئے براہ راست تبادلے کی تجارت پر متفق ہیں اور ایران نے پاکستانی تاجروں کے لئے چھ ماہ کے ملٹی پل ویزے کا اجرا بھی شروع کر دیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ باہمی تجارت کے لئے مقامی کرنسی میں تجارت کی جائے تو دونوں ملکوں کو فائدہ ہوگا۔