17 جولائی 2012
وقت اشاعت: 3:56
رمضان کی آمد سے قبل پھلوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ
آج نیوز - رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی مہنگائی کا دور دورہ، پھلوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں، عوام پریشان ہوگئے ۔رمضان رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے لیکن اس ماہ صیام قدرت نے ایک منفرد تحفے سے نوازا ہے۔ جی ہاں، اس رمضان المبارک میں افطار کے دسترخوان پر تقریبا تمام پھل ہی موجود ہوں گے۔دوسری طرف پھلوں کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتوں نے خریداروں کی خوشی کو گہنا دیا۔ آم ساٹھ روپے کلو سے کم میں دستیاب نہیں، پھلوں کا بادشاہ خریدنے کیلئے جیب کا بھاری ہونا بھی ضروری ہے۔ آڑو کی اکڑ کیوں نہ ہو۔ جب یہ بک رہا ہے ایک سو بیس روپے کلو۔ جہاں سیب نے دی انٹری ڈھائی سو روپے کلو کے ساتھ وہیں تیور چڑھے انگور کے بھی جو ساٹھ روپے پاوٴ سے کم ہو کے نہیں دے رہا۔ کیلا بھی ساٹھ روپے درجن بکنے میں اکیلا نہیں، جامن اور گرما بھی اسی دام میں دستیاب ہے۔ ناشپاتی کو بھی سو روپے کلو سے کم قیمت نہیں بھاتی۔ خوبرو خوبانی بھی سو روپے کلو سے کم میں گاہک کے ساتھ جانے کو تیار نہیں۔ آلوچے بھی ڈیرھ سو روپے کلو ہیں بکتے۔ اپنی جیب کو اس فہرست کے برابر کھینچتے شہری کہتے ہیں کہ چادر دیکھ کر ہی پاوٴں پھیلائیں گے۔اس ماہ رمضان پھلوں کی فراوانی نے ٹھیلوں کو تو سجادیا ہے لیکن کیا یہ تمام پھل کسی غریب کے دسترخوان کی زینت بنیں گے۔