17 جولائی 2012
وقت اشاعت: 13:38
جماعت اسلامی کا احتجاجی دھرنا، نیٹو سپلائی مشکلات کا شکار
آج نیوز - نیٹو سپلائی مشکلات کا شکار، پشاور میں جماعت اسلامی کے مارچ نے سپلائی روک دی، جبکہ افغان کسٹم حکام نے بھی سات کنٹینرز واپس کردیئے۔ خیبرایجنسی کی تحصیل جمرود میں باب خیبر کے مقام پر جماعت اسلامی کے تحت نیٹو سپلائی کی بحالی اور ڈرون حملوں کے خلاف احتجاجی دھرنا جاری ہے۔ جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن جلسے سے خطاب کریں گے۔ دھرنے میں جماعت اسلامی کے صوبائی اور ضلعی رہنماؤں کے علاوہ صوبے بھر سے کارکنان شریک ہیں۔ دھرنے کے باعث باب خیبر جانے والے راستوں کو خاصہ دار فورس نے خاردار تاریں لگا کر بند کردیا ہے جبکہ افغانستان سے آنے والے کنٹینرز کو ٹیڈی بازار میں روک دیا گیا ہے۔ دوسری جانب پاکستان سے کل روانہ ہونے والے سات نیٹو کنٹینرز افغان کسٹم حکام نے واپس بھیج دیے ہیں۔ صرف ایک کنٹینر ہی افغانستان کے علاقے سپین بولدک پہنچ سکا ہے۔ پاکستان سے گزشتہ روز آٹھ نیٹو کنٹینرز افغانستان روانہ ہوئے۔ جنہیں افغان فورسز نے کاغذات مکمل نہ ہونے پر واپس بھیج دیا۔ پاکستانی کسٹم حکام کے مطابق چالیس کنٹینرز اب بھی پاک افغان سرحد پر کھڑے ہیں۔ نیٹو سپلائی کی بحالی کے بعد اب تک نو کنٹینرز چمن کے راستے افغانستان جاچکے ہیں۔