17 جولائی 2012
وقت اشاعت: 13:55
رحمان ملک غیر ملکی ایجنٹ ہیں، ثناء اللہ
آج نیوز - وزیرقانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عیدالفطر کے بعد عام انتخابات کی راہ ہموار ہو جائے گی۔ مشیر داخلہ رحمان ملک غیر ملکی ایجنٹ ہیں اور سکیورٹی کے نام پر کراچی میں بد امنی پھیلا رہے ہیں۔ پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عام انتخابات سے ہی ملک میں تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔ زرداری ٹولہ اپنی کرپشن کو بچانے کے لئے عام الیکشن سے پہلے بلدیاتی انتخابات کا ڈرامہ رچا رہا ہے۔ ان کی رائے میں بلدیاتی انتخابات جنرل الیکشن سے چھ ماہ بعد ہونے چاہیں کیونکہ بلدیاتی ادارے الیکشن پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ بلدیاتی انتخابات جماعتی یا غیر جماعتی بنیادوں پر کرانے کا فیصلہ اسمبلی میں بل پر بحث کے بعد کیا جائے گا۔ سانحہ رسول پارک کے متعلق سوال پر جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی ایس آئی سمیت دیگر ایجنسیاں اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہیں اور جلد ملزمان کو پکڑ لیں گے۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ مشیر داخلہ رحمان ملک دہشت گردی کی ہر واردات ہونے کے بعد اس کی اطلاع کا ڈرامہ رچاتے ہیں۔ حالانکہ پنجاب حکومت کو اس واقعے کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی گئی تھی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ رحمان ملک غیر ملکی ایجنٹ ، زردای کی دولت کے محافظ اور کراچی میں امن و امان خراب کرنے کے ذمہ دار ہیں۔ رانا ثنااللہ نے کہا کہ رحمان ملک ملک سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے ہیں، انہیں فوری طور پر روکا جائے۔