17 جولائی 2012
وقت اشاعت: 14:46
حسین حقانی نے حاضری سے استثنیٰ کیلئے درخواست دائر کردی
آج نیوز - امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی نے میمو کیس میں حاضری سے استثنٰی کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔ حسین حقانی کی جانب سے انکی وکیل عاصمہ جہانگیر نے سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں اپنے مئوکل کے خط کو بنیاد بنایا ہے، حسین حقانی نے اپنی درخواست میں مئوقف اختیار کیا ہے کہ کمیشن کی رپورٹ کے بعد مختلف حلقوں نے مجھے غدار قرار دیا، جس کے باعث مخالفین اور شدت پسندوں سے میری جان کو خطرہ ہے۔ حسین حقانی کہتے ہیں کہ وہ بیمار ہیں اور بیرون ملک زیر علاج ہونے کے باعث وطن نہیں آسکتے، لہٰذا انہیں حاضری سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔ گزشتہ سماعت کے موقع پر عدالت نے حسین حقانی کی وکیل عاصمہ جہانگیر کو حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کرنے کیلئے تین دن کی مہلت دی تھی۔