17 جولائی 2012
وقت اشاعت: 19:24
شہباز شریف پر بیٹی اور داماد کی کمپنی کو ٹھیکہ دینے کا الزام
آج نیوز - پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے اراکین نے لاہور میٹ کمپلیکس سے گوشت برآمد کرنے کا ٹھیکہ مبینہ طور پر شہباز شریف کی صاحبزادی جویریہ اور داماد یوسف ہارون کو الاٹ کرنے پر احتجاج کرتے ہوئے چیف جسٹس سے ازخودنوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔ اسمبلی اجلاس کے دوران ڈپٹی اپوزیشن لیڈر شوکت بسرا نے نقطہ اعتراض پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے لاہور میٹ کمپلیکس سے گوشت برآمد کرنے کا ٹھیکہ اپنی صاحبزادی جویریہ اور داماد یوسف ہارون کی فرم یونی لائن کو دے دیا ہے جبکہ ٹینڈر میں کامیاب بولی ترکی اور جرمنی کی فرموں نے دی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ شریف برادران جب بھی اقتدار میں آئے، ان کا کاروبار وسیع سے وسیع تر ہو جاتا ہے۔ رانا ثناء اللہ نے شوکت بسرا کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے تمام منصوبوں میں شفافیت پائی جاتی ہے، اگر پیپلز پارٹی کو کہیں کوئی کرپشن نظر آئی ہے تو اسمبلی میں تحریک التواء پیش کرے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کے اراکین کو تنبیہہ کی کہ وہ وزیراعلٰی کے خاندان پر تہمت لگانے سے گریز کریں۔ اسپیکر نے معاملے کو سلجھاتے ہوئے شوکت بسرا کو ہدایت کی کہ وہ ایوان میں اس بابت تحریک لائیں، جسے فوری طور پر زیر بحث لایا جائے گا۔