17 جولائی 2012
وقت اشاعت: 20:29
نواز اور عمران خان نیٹو سپلائی کیخلاف کچھ نہیں کررہے ،منور حسن
آج نیوز - امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کہا ہے کہ نواز شریف اور عمران خان نیٹو سپلائی کی بحالی کی صرف زبانی مذمت کرتے ہیں میدان میں نہیں نکلتے،جماعت اسلامی ظلم و بربریت کے خلاف آواز اور عملی اقدام اٹھاتی ہے۔خیبر ایجنسی کی تحصیل جمرود میں نیٹو سپلائی کی بحالی اورڈرون حملو ں کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سید منور حسن نے کہا کہ مصر اور تیونس میں آنے والے انقلاب جلد پاکستان میں بھی دکھائی دیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے باڑہ آپریشن بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس آپریشن سے ساڑھے تین لاکھ قبائلی متاثر ہوئے اسے فوری ختم کر کے متاثرین کو معاوضہ ادا کیا جائے۔ نیٹو سپلائی کی بحالی کے خلاف ریلی کا آغاز باگ باغ ناران سے ہوا اور جمرود میں باب خیبر پر جلسے کی صورت اختیار کر گئی۔ ریلی میں صوبہ بھر سے جماعت اسلامی کے ہزاروں کارکنوں نے شرکت کی۔ ریلی کے باعث افغانستان سے آنے والے ٹریلرز کو ٹیڈی بازار کے مقام پر روک دیا گیا اور پاک افغان شاہراہ بھی کئی گھنٹے تک بند رہی۔