17 جولائی 2012
وقت اشاعت: 22:24
ملک کو فلاحی ریاست بنانے کا وعدہ پورا کیا ،فرزانہ راجہ
آج نیوز - بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن فرزانہ راجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو فلاحی اسلامی جمہوری ریاست بنانے کا جووعدہ کیا تھا اسے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت پورا کردیا گیا ہے۔اسلام آباد میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چار سالہ کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے فرزانہ راجہ نے کہا کہ غربت کے حوالے سے نوے فیصد عوام کا سروے مکمل کیا جا چکا ہے اور ستر لاکھ خاندان رجسٹر کیئے گئے، جن میں سے انتالیس لاکھ لوگوں کونقد امداد ملنا شروع ہو گئی ہے جبکہ اکتیس لاکھ شناختی کارڈز کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔ فرزانہ راجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان سماجی تحفظ فراہم کرنے والے چوالیس ممالک میں شامل ہو گیا ہے جبکہ پانچ ممالک نے اپنے ملک میں اس طرح کا پروگرام شروع کرنے کیلئے رابطہ کیا ہے۔فرزانہ راجہ کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کو اصل معنوں میں شکست دینے کیلئے غربت کا خاتمہ ضروری ہے،یو ایس ایڈ نے اپنی رپورٹ میں بی آئی ایس پی کو اٹھانوے اعشاریہ چھ فیصد شفاف قرار دیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ کیری لوگر بل کے تحت ملنے والی پچاسی ملین ڈالر کی امداد عوام میں تقسیم کی جا چکی ہے جبکہ پچھتر ملین ڈالر کی قسط آئندہ ماہ ملنے کی توقع ہے۔