18 جولائی 2012
وقت اشاعت: 12:5
صدر کی زیر صدارت پی پی کے وزراء و سینئر رہنماؤں کا اجلاس
آج نیوز - صدر آصف علی زرداری کی زیر صدارت پیپلزپارٹی کے وزراء اور سینئر رہنماؤں کے اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔ توانائی بحران کے تسلسل پر پارٹی رہنماؤں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ صدرآصف علی زرداری کی زیر صدارت ایوان صدر میں پیپلزپارٹی کی کورکمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، امین فہیم ، فریال تالپور، سید خورشید شاہ، نوید قمر، امتیاز صفدر وڑائچ ، قمر زمان کائرہ، سینٹر فرحت اللہ بابر، فاروق ایچ نائیک سمیت پارٹی کے دیگر ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال اور عدالتوں میں زیرسماعت کیسزپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کورکمیٹی کے اجلاس میں آئینی وقانونی امور پر بھی مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں دوہری شہریت کے بل، آئندہ عام انتخابات اور پاک امریکہ تعلقات پربھی بات چیت کی گئی۔ اجلاس میں وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے اپنے دورہ سعودی عرب سے متعلق اجلاس کو اعتماد میں لیا۔ اجلاس میں وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے انیس جولائی کے دورہ کابل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے توانائی بحران پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں پارٹی رہنماؤں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ توانائی بحران کو الیکشن سے قبل حل کیا جائے۔ توانائی بحران حل نہ ہوا تو آئندہ الیکشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اجلاس میں مشیر داخلہ رحمان ملک نے امن و امان پر اراکین کو بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے مہینہ میں سیکورٹی کے انتظامات کر لیے گئے ہیں۔