18 جولائی 2012
وقت اشاعت: 12:53
حج کرپشن کیس: حسین اصغر کو حاضر نہ ہونے پر برخاست کرنیکا حکم
آج نیوز - سپریم کورٹ نے حج کرپشن کیس کے تفتیشی افسر حسین اصغر کے حاضر نہ ہونے پر ان کو برخاست کرکے کل تک نوٹیفیکیشن پیش کرنے کا حکم دیا ہے جبکہ عدالتی حکم کی تعمیل نہ کرنے پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے وقار حیدر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ حج کرپشن کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا تین رکنی بنچ کر رہا ہے، سماعت کا آغاز ہوا تو ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ حسین اصغر حاضر نہیں ہوئے، ان کے خلاف کارروائی کیلئے انکوائری افسر مقرر کر دیا گیا ہے، تفتیشی افسر کے حاضر نہ ہونے پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور فوری طور پر اٹارنی جنرل کو طلب کر لیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اس کیس میں اور وزراء بھی ملوث ہیں، حسین اصغر کے معاملے میں بیوروکریسی کو منفی پیغام دیا جا رہا ہے، اب تک حسین اصغر کو فارغ کرکے نوٹیفیکیشن پیش کردینا چاہئے تھا، کل تک حسین اصغر کو نہ لایا گیا تو انہیں فارغ کر دیا جائے گا۔ جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہا کہ عدالتی حکم عدولی فیشن اور وطیرہ بن گیا ہے۔ جسٹس خلجی عارف حسین نے کہا کہ حسین اصغر کے پیچھے کسی کا ہاتھ نہ ہو تو وہ کیسے اپنی نوکری داؤ پر لگا سکتا ہے۔ عدالت نے حج کرپشن کیس کے ملزم ذیشان کو گرفتار نہ کرنے پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے وقار حیدر کے خلاف بھی توہین عدالت کی سماعت کرنے کا فیصلہ کیا، ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی تیس جولائی تک ملتوی کردی گئی۔