18 جولائی 2012
وقت اشاعت: 13:26
پاکستان کیخلاف سیریز کیلئے بھرپور تیاری کرنا ہوگی، دھونی
آج نیوز - بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہیندرسنگھ دھونی نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف سیریز میں جذبات کی کوئی اہمیت نہیں ہوگی۔ بطور پروفیشنلز ان کے کھلاڑیوں کوسیریزکی بھرپورتیاری کرنا ہوگی۔ چنائے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مہیندر دھونی نے کہا کہ سیریزکے انعقاد کا فیصلہ بورڈ نے کیا ہے۔ اب جبکہ سیریز کا اعلان ہوچکا ہے توملک کی عزت کی خاطران کی ٹیم کو سیریز کی بھرپورتیاری کرنا ہوگی۔ دھونی کا کہنا ہے کہ بطور پروفیشنل کرکٹر انہیں یہی سکھایا گیا ہے کہ کرکٹ میں جذبات کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی۔ جذبات کوایک طرف رکھ کرگراؤنڈ میں اچھی کارکردگی دکھانا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم کے مصروف شیڈول کے باعث پاکستان کے خلاف میچز مشکل ہوں گے لیکن ان کی ٹیم سیریزمیں اچھی کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کرے گی۔ بھارتی کرکٹ بورڈ نے دو روز قبل پانچ سال کے طویل عرصے بعد پاکستان ٹیم کورواں سال دسمبر جنوری میں ون ڈے میچز کیلئے بھارت کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے۔ دوسری جانب بھارتی میڈیا کے مطابق پی سی بی کی خواہش ہے کہ پاک بھارت سیریزسے ہونے والی آمدنی میں سے اسے بھی کچھ حصہ دیا جائے۔ پی سی بی آفیشل کے مطابق بھارت پاکستان کے خلاف ہوم گراؤنڈ یا نیوٹرل وینیوپرکھیلنے کیلئے تیار نہیں ہے اسلئے پی سی بی کے پاس آمدنی کا کوئی ذریعہ نہیں ہے۔ دو ہزار نو میں بھارتی ٹیم کا دورہ منسوخ ہونے سے پی سی بی کوجونقصان ہوا بی سی سی آئی نے اس کے ازالے کیلئے بھی کچھ نہیں کیا۔