18 جولائی 2012
وقت اشاعت: 14:1
اولمپکس میں پاکستانی ہاکی ٹیم کی کارکردگی پر رپورٹ
آج نیوز - لندن اولمپکس کی آمد آمد ہے۔ کھیلوں کے بڑے میلے میں قومی ہاکی ٹیم کی شرکت کے ساتھ ہی سیکڑوں پاکستانی مداحوں کا دل بھی کامیابی کیلئے دھڑکنا شروع ہوجاتا ہے۔ اٹھائیس سال بعد قومی ٹیم ہاکی میں طلائی تمغہ جیتنے کے لئے پرعزم ہے۔ آج سے چونسٹھ سال قبل پاکستانی ہاکی ٹیم کا سفر لندن سے شروع ہوا اور اب ایک بار پھر قومی ٹیم قسمت آزمائی کے لئے لندن اولمپکس میں ایکشن میں دکھائی دے گی۔ انیس سو اڑتالیس کے لندن اولمپکس میں پاکستان ہاکی ٹیم نے علی اقتدار شاہ کی قیادت میں حصہ لیا اور چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ انیس سو باون میں ہیلسنکی میں منعقدہ اولمپکس میں بھی گرین شرٹس کا نمبر چوتھا رہا۔ اس ٹیم کی قیادت نیاز خان نے کی۔ انیس سو چھپن کے میلبرن اولمپکس میں پاکستانی ٹیم عبدالحمید حمیدی کی قیادت میں میدان میں اتری اور چاندی کا تمغہ لے کر وطن لوٹی۔ فائنل میں پاکستان کا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے ہوا لیکن قسمت کی دیوی قومی ٹیم پر مہربان نہ ہوسکی۔انیس سو ساٹھ کے روم اولمپکس میں پاکستان نے تاریخ رقم کردی۔ گرین شرٹس نے حتمی معرکے میں بھارت کو زیر کرکے میلبرن اولمپکس کی شکست کا بدلہ چکا دیا اور ہاکی پر حکمرانی حاصل کرلی۔ اس ٹیم کی قیادت عبدالحمید حمیدی نے کی۔ انیس سو چونسٹھ میں پہلی بار اولمپکس کی میزبانی ایشیا کے حصے میں آئی لیکن پاکستان اپنے اعزاز کا دفاع نہ کرسکا۔ ٹوکیو میں ہونے والے ہاکی ایونٹ کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو مات دی۔ انیس سو اڑسٹھ کے میکسیکو اولمپکس بھی پاکستان ہاکی ٹیم کے لئے بہت یادگار ہیں۔ فائنل میں پاکستانی شاہینوں نے سخت حریف آسٹریلیا کو ہراکر دوسری مرتبہ گولڈ میڈل حاصل کرلیا۔انیس سو باہتر میں اولمپکس کی میزبانی میونخ نے کی۔ اس اولمپکس سے قومی ٹیم کی تلخ یادیں وابستہ ہیں۔ پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا جہاں اس کا مقابلہ جرمنی سے ہوا لیکن ناقص امپائرنگ نے قومی ٹیم کو طلائی تمغے سیدور کردیا۔ کھلاڑی شہناز شیخ نے احتجاجاً میڈل اپنے جوتے میں وصول کیا جس پر آئی ایچ ایف نے ٹیم پر پابندی عائد کردی۔ جو کچھ عرصے بعد ختم ہوئی۔ انیس سو چھہتر میں اولمپکس کے مقابلے مانٹریال میں ہوئے۔ آسٹرٹرف پر کھیلے گئے ایونٹ کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے پاکستان کو دو ایک سے زیر کیا۔ تیسری پوزیشن کے میچ میں گرین شرٹس نے ہالینڈ کو ہراکر کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ انیس سو چوراسی کے لاس اینجلس اولمپکس میں پاکستان نے تیسری مرتبہ طلائی تمغہ جیتا۔ فائنل میں پاکستان نے جرمنی کو زیر کیا۔انیس سو اٹھاسی کے سول اولمپکس میں پاکستان کی پوزیشن پانچویں رہی۔ انیس سو بانوے میں بارسلونا نے کھیلوں کے سب سے بڑے میلے کی میزبانی کی،، اس بار قومی ٹیم نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ انیس سو چھیانوے، دوہزار، دوہزار چار اور دوہزار آٹھ کے اولمپکس میں قومی ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی۔