تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
18 جولائی 2012
وقت اشاعت: 14:51

نامور بھارتی فلم اسٹار راجیش کھنہ انتقال کر گئے

آج نیوز - بھارتی فلموں کے مشہور و معروف اداکار راجیش کھنہ انہتر سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ کھنہ گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے۔ راجیش کھنہ کی رواں سال جون کے مہینے میں طبعیت ناساز ہوگئی جس کے باعث تئیس جون کو انہیں لیلیٰ وتی اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں سے انہیں علاج کے بعد آٹھ جولائی کو ڈسچارج کر دیا گیا۔ راجیش کھنہ کی بیوی ڈمپل کباڈیا کے مطابق انہیں کمزوری اور لو بلڈ پریشر کے باعث چودہ جولائی کو دوبارہ اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ راجیش کھنہ کو گزشتہ روز ہی اسپتال سے گھر منتقل کیا گیا تھا۔ جہاں آج وہ اپنی زندگی کی بازی ہار گئے۔ راجیش کھنہ کی حالت آج صبح شدید بگڑ جانے کے باعث ان کے خاندان کے افراد ان کے باندرا والے گھر میں جمع تھے جبکہ ان کی بڑی بیٹی ٹوئنکل کھنہ کے شوہر بالی وڈ کے نامور ہیرو اکشے کمار نے بھی اپنی تمام شوٹنگز منسوخ کر دی تھیں۔ راجیش کھنہ انتیس دسمبر انیس سو بیالیس کو بھارتی پنجاب کے شہر امرتسر میں پیدا ہوئے۔ راجیش کھنہ نے انیس سو چھیاسٹھ میں فلم آخری خط کے ذریعے بالی وڈ میں قدم رکھا اور ایک سو تریسٹھ فلموں میں کام کیا۔ جن میں سے ایک سو چھ فلموں میں راجیش کھنہ نے مرکزی ہیرو کا کردار ادا کیا اور بائیس فلموں میں معاون ہیرو کے طور پر کام کیا جبکہ اپنے کیریئر میں سترہ مختصر فلمیں بھی شامل ہیں۔ راجیش کھنہ کو چودہ مرتبہ فلم فیئر بیسٹ ایکٹر ایوارڈ کے لئے چنا گیا جس میں سے انہوں نے تین مرتبہ یہ ایوارڈ اپنے نام کیا۔ اس کے علاوہ راجیش کھنہ نے چار مرتبہ بی ایف جے اے ایوارڈ فار بیسٹ ایکٹر بھی جیتا جبکہ انہیں فلم فیئر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ راجیش کھنہ انیس سو اکانوے سے چھیانوے تک سیاست میں بھی رہے۔ انہوں نے انیس سو اکہتر سے انیس سو پچانوے تک فلمی دنیا میں پروڈیوسر کی حیثیت سے بھی فرائض انجام دیئے۔ راجیش کھنہ نے پسماندگان میں بیوی ڈمپل کپاڈیا اور دو بیٹیاں ٹوئنکل کھنہ اور رنکل کھنہ کو چھوڑا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.