18 جولائی 2012
وقت اشاعت: 19:51
پارلیمنٹ آئین کے تابع نہیں ،لطیف کھوسہ
آج نیوز - گورنر پنجاب لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ آئین کے تابع نہیں، اسے تبدیل کرنے کا اختیار رکھتی ہے، پیپلز پارٹی نومبر دو ہزار سات والی صورتحال پیدا نہیں کرنا چاہتی۔لاہور میں سول سوسائٹی کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ مخالفین اور میڈیا کی جانب سے انہیں اشتعال دلانے کی متعدد کوششیں کی گئیں مگر پیپلز پارٹی نے برداشت کے فلسفے کو اپناتے ہوئے اقتدار کے ساڑھے چار سال پورے کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر زرداری کو حکومت خیرات میں نہیں ملی، عوام نے انہیں بھاری اکثریت سے چنا ہے، وہ آسان زندگی کے عادی تھے لیکن عوام کی خاطر انہوں نے مشکلات کا سامنا کیا ہے۔ لطیف کھوسہ نے کہا کہ پارلیمان کو آئین کے تابع کہنے والے بھی جانتے ہیں کہ پارلیمنٹ آئین تبدیل کر سکتی ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ناقدین کی باتوں پر کبھی اشتعال میں نہیں آئے کیونکہ ملک میں نومبر دو ہزار سات والی صورتحال پیدا نہیں کرنا چاہتے، کامیابی سے جمہوریت کو چلا رہے ہیں اور جلد شفاف الیکشن کا انعقاد کرایا جائیگا۔