18 جولائی 2012
وقت اشاعت: 20:23
کرپشن پر شریف برادرا ن کو نوٹس ،جواب طلب
آج نیوز - احتساب عدالت راولپنڈی نے ایک ارب روپے کی مبینہ کرپشن سے متعلق ریفرنسز پر شریف برادران کو نوٹس جاری کرتے ہوئے نیب سے ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔احتساب عدالت راولپنڈی کے جج چوہدری عبدالحق نے میاں نوازشریف،شہباز شریف اور دیگر اہل خانہ کے خلاف طویل عرصہ سے زیر التواء آمدنی سے زائد اثاثہ جات،اتفاق فاوٴنڈری اور حدیبیہ پیپر ملز کرپشن ریفرنسز کی سماعت کی،نیب کے پراسیکیوٹر راجہ خرم اعجاز نے عدالت کو بتایا کہ شریف خاندان کے خلاف مذکورہ ریفرنس دوہزار ایک میں دائر ہوئے تھے،کرپشن ریفرنسز میں میاں برادران اور دیگر پر ایک ارب روپے کی کرپشن کا الزام ہے،عدالت نے تینوں ریفرنسز میں میاں نواز،شہباز شریف اور خاندان کے دیگر افراد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اٹھائیس جولائی تک جواب طلب کر لیا ہے، جبکہ قومی احتساب بیورو کو ریفرنسز کا ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے،شریف برادران نے گزشتہ سال تینوں ریفرنسز ختم کرانے کے لئے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی جو کہ زیر التوا ہے،مشیر داخلہ رحمان ملک نے بھی تین اعشاریہ دو ارب ڈالر کی مبینہ کرپشن پر مبنی، منی لانڈرنگ ریفرنس نیب کو بھیجوا رکھا ہے جس کی تحقیقات ابھی جاری ہیں۔