19 جولائی 2012
وقت اشاعت: 2:29
تحریک انصاف جنرل پاشا کی ٹیسٹ ٹیوب پارٹی قرار
آج نیوز - قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان نے تحریک انصاف کو جنرل پاشا کی ٹیسٹ ٹیوب پارٹی قرار دیدیا، کہتے ہیں کہ تحریک انصاف لیڈر منشور اور ویژن کے بغیر چلنے والی پارٹی ہے۔اپنے ایک بیان میں اپوزیشن لیڈر چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ جنرل محمود نے ق لیگ اور جنرل پاشا نے تحریک انصاف بنائی، عمران خان شیشے کے گھر میں بیٹھ کر دوسروں کو پتھر نہ ماریں، انہوں نے کہا کہ عوام عمران خان کی قابلیت اور صلاحیت اور عادت سے بخوبی واقف ہے اور سب جانتے ہیں کہ اپنے بیان سے مکر جانا عمران خان کی عادت اور صلا حیت ہے، چوہدری نثارنے کہا کہ اگر سیاسی یوٹرن لینے والے سیاستدانوں کا سروے کیا جاے تو عمران خان ان سیاستدانوں میں اول نمبر پر ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نگران سیٹ اپ کے حوالے سے پیپلزپارٹی کے ساتھ کوئی ڈیل نہیں کر رہی ، نگران سیٹ ایپ کے حوالے سے مسلم لیگ ن کوئی مذاکرات نہیں کرے گی۔