19 جولائی 2012
وقت اشاعت: 3:19
لاہور :پولیس نے دولہا کو حوالات دکھا دی
آج نیوز - لاہور میں پولیس نے بارات لے کر جانے والے اشتہاری" دولہا میاں "کو دلہن کے گھر کی بجائے حوالات دکھادی اور دلہن انتظار کرتی رہ گئی۔ باراتیوں نے احتجاجاً ملتان روڈ بلاک کردی۔شکر گڑھ سے ساہیوال جانے والی بارات میں۔ اْس وقت رنگ میں بھنگ پڑگیا جب سی آئی اے پولیس نے ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب دولہا محمد شفیق کو عروسی لباس میں ہی پکڑ کر کہا کہ بھائی دلہن کے گھر والوں کو بعد میں پہلے سرکار کو خدمت کا موقع دیں کیونکہ پولیس کا کام ہے خدمت آپکی۔والد کا کہنا ہے کہ دولہا ضمانت پر ہے۔محمد شفیق کو بھری بارات سے جب پکڑا گیا تو باراتی منہ دیکھتے رہ گئے۔پولیس کا کہناہے کہ دولہا قتل کے ایک مقدمے میں اشتہاری ہے اس لیے اسے تحویل میں لیا گیاہے۔اس واقعہ کے بعد باراتیوں نے احتجاجاً ملتان روڈ دو گھنٹے تک بلاک کیے رکھی۔ بعدازاں پولیس نے دس گھنٹے بعد دولہے کی ضمانت کے کاغذات دیکھ کر اسے چھوڑ دیا اور بیچارہ دولہا اپنی دلہن کو لینے ساہیوال کی طرف روانہ ہوگیا۔