19 جولائی 2012
وقت اشاعت: 3:52
کراچی :شہر میں امن وامان کی ذمے داری صوبائی حکومت پر عائد
آج نیوز - ویسے تومشیرداخلہ رحمان ملک شہر قائد کے معاملے پرہمیشہ اٹھارویں ترمیم کا راگ الاپتے ہوئے کہتے ہیں کہ شہرمیں امن و امان کی صورتحال کی ذمہ داری صوبائی حکومت کی ہے لیکن امن و امان کے حوالیسے بیان دینے سے بھی گریزنہیں کرتے۔ یوسف پلازہ کے واقعے نے آج پھرمشیرداخلہ کے بیان کی دھجیاں اڑا دیں۔ اٹھارویں ترمیم کے بعد رحمان ملک نے جب بھی کراچی کا دورہ کیا تو شہر قائد کی امن و امان کی صورتحال کی تمام ترذمہ داریاں صوبائی حکومت پرڈالیں۔ ایک جانب ذمہ داری صوبائی حکومت پر عائد کرتے ہیں تو دوسری جانب سینئرمشیرداخلہ آئینی ترمیم آنے کے باوجود امن و امان کے حوالے سے بیان دینے سے گریز نہیں کرتے۔ رحمان ملک اتنی خوبصورتی سے کراچی کے عوام کو تسلی دیتے ہیں جیسے ان کے بیان کے بعد شہر پرامن ہوجائے گا۔ آج بھی مشیرداخلہ نے کچھ ایسا ہی بیان دیا۔ایک جانب مشیرداخلہ بھتہ اور پرچی مافیا کے خلاف کارروائیوں کے دعوے کررہے تھے تو دوسری جانب یوسف پلازہ پربھتہ مافیا کی کارروائی نے رحمان ملک کے بیان کی پول کھول دی۔ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ محکمہ پولیس نے کراچی کے امن کے لئے پلان تیار کیا ہے جس سے بہتری کی امید ہے۔ مشیر داخلہ رحمان ملک نے بتایا کہ صدر نے کراچی کی مخدوش صورتحال پرتوجہ مرکوزکردی ہے اور ہدایت کی ہے کہ مسائل کے حل کیلئے سمری تیار کرکے محکمہ خزانہ کو ارسال کی جائے۔