19 جولائی 2012
وقت اشاعت: 21:26
ایم سی بی بینک بھارت میں برنچز کھولے گا
آج نیوز - ایم سی بی بینک پاکستان نے بھارت میں اپنی شاخیں کھولنے کے لئے اجازت طلب کر لی۔ ایم سی بی بینک کے سینئر حکام کے مطابق بھارت میں بینک کی شاخیں کھولنے کے لئے اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور ریزرو بینک آف انڈیا سے رجوع کر کے درخواستیں ارسال کر دی گئی ہیں۔ نشاط گروپ کے چیئرمین اور سی ای او میاں محمد منشا نے غیر ملکی اخبار کو انٹرویو میں بتایا کہ ایم سی بی بینک میں کنٹرولنگ اسٹیک رکھنے والے نشاط گروپ نے بھارت میں بینک برانچز کھولنے کے لئے اجازت طلب کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت ایک منافع بخش مارکیٹ ہے، واضح رہے ایم سی بی بینک ایک ارب بیس کروڑ ڈالر سرمائے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا بینک ہے اور پاکستان میں ایم سی بی بینک کی ایک ہزار ایک سو پینسٹھ اور بیرون ملک آٹھ شاخیں ہیں۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے بھارت میں پاکستانی بینک کی برانچز کھولنے سے باہمی تجارتی روابط کو فروغ ملے گا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارت کا حجم صرف دو ارب ستر کروڑ ڈالر ہے، جو اس اقدام کے بعد تین گنا تک بڑھ سکتا ہے۔