20 جولائی 2012
وقت اشاعت: 22:22
ملک ریاض نیب کی تحقیقاتی ٹیم کے روبرو پیش
آج نیوز - بحریہ ٹاون کے سابق چیرمین ملک ریاض حسین نیب ہیڈ کواٹرز میں ارسلان افتخار کیس کی تحقیقات کرنے والی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے روبرو پیش ہوئے۔ نیب کی تحقیقاتی ٹیم نے ملک ریاض سے دو گھنٹے تک ارسلان افتخار کیس سے متعلق تفتیش کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے ملک ریاض کا کہنا ہے کہ انہیں چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری پر مکمل اعتماد ہے، انہوں نے کہا ان کے خلاف انتقامی کاروائیاں ختم ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب کو ارسلان افتخار کیس کے حوالے سے ثبوت دوں گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ عدالتی مصروفیات کے باعث نیب کمیٹی کے سامنے پیش نہیں ہوسکا۔ سب کچھ اللہ پر چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں نیب کی تحقیقاتی ٹیم پر کوئی اعتراض نہیں اگر کسی کو اعتراض ہیں تو وہ درخواست دے سکتا ہے۔ ملک ریاض نے کہا کہ اگر قصور وار ثابت ہوا سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اور انکی فیملی کو اس کیس کے ذریعے گرفتار کرنے کی کوشش کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنا تحریری جواب جمع کرادیا ہے جبکہ ارسلان افتخار کے خلاف دستاویزی ثبوت پہلے ہی نیب حکام کو دے چکا ہوں۔