21 جولائی 2012
وقت اشاعت: 23:55
رمضان :شہری مہنگی کھجوریں خریدنے پرمجبور
آج نیوز - رمضان نے ابھی اپنی جھلک دکھلائی ہی ہے کہ اس کی سوغات کھجور مہنگی ہوگئی، مقامی فصل میں تاخیر سے شہری مہنگی درآمد شدہ کھجوریں خریدنے پر مجبور ہیں۔کھجور ماہ رمضان کی ایک منفرد پہچان ہے۔ لیکن ابھی رمضان شروع ہی ہوا ہے کہ کھجور کی مہنگائی کا چرچا شروع ہوگیا ہے۔ ایک طرف شہری ماہ مقدس میں مہنگائی کا رونا رو رہے ہیں تو دوسری طرف دکانداروں کو تو بس اپنی کمائی کی پڑی ہے۔شہری کہتے ہیں کہ کھجور نہ ہو تو افطار کا دسترخوان ادھورا لگتا ہے۔ اگر کھجوروں کو مہنگا کیا گیا تو عوام کو مجبورا غیر معیاری کھجوروں پر گزارا کرنا پڑے گا۔اندرون سندھ سے کھجور کی آمد میں تاخیر سے مارکیٹ میں درآمد شدہ کھجوروں کا راج ہے۔جو بہت مہنگی ہیں۔۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ قیمتیں کم کرنا ان کا نہیں حکومت کا کام ہے۔کھجور کی پیداوار کے حوالے سے دنیا کے پانچویں بڑے ملک پاکستان کو اپنی طلب پوری کرنے کے لیے ستر فیصد درآمدی کھجور کا سہارا لینا پڑتا ہے۔