22 جولائی 2012
وقت اشاعت: 12:34
اولمپکس: رمضان کے باعث مسلمان ایتھلیٹس کا دوہرا امتحان
آج نیوز - رمضان المبارک کے دوران لندن اولمپک میں حصہ لینے والے مسلمان ایتھلیٹس کو دہرے امتحان کا سامنا کرنا پڑے گا۔ روزہ رکھ کر مشکل ترین حریفوں کو زیر کرنا ہو گا۔ لندن میں ستائیس جولائی سے کھیلوں کا سب سے بڑے مقابلے شروع ہورہے ہیں۔ تاہم ا س سے پہلے ہی رمضان المبارک کا بھی آغاز ہوچکا ہے جس میں طلوع آفتاب سے غروب آفتاب تک مسلم کمیونٹی کھانے پینے سے اجتناب کرکے اسلام کا اہم رکن ادا کرتی ہے۔ لندن اولمپکس میں دنیا بھر سے تین ہزارسے زائد ایتھلیٹ حصہ لے رہے ہیں۔ اولمپک دنیا کے سخت ترین مقابلے ہوتے ہیں جس میں کھلاڑیوں کو کانٹے دارمقابلے میں سخت حریفوں کا سامنا رہتا ہے۔ اور ایسے میں کھائے پئے بغیر مقابلوں میں حصہ لینا کسی جوئے شیرلانے سے کم نہیں ہوگا۔ متعدد مسلمان ایتھلیٹ پرعزم ہیں کہ اپنے مذہبی روایات کو برقرا رکھتے ہوئے اس کی مکمل پاسداری کریں گے اور میگا ایونٹس میں بھی سرخرو ہوں گے۔