22 جولائی 2012
وقت اشاعت: 14:30
غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ، حکومتی دعوے دھرے رہ گئے
آج نیوز - بجلی کا شارٹ فال پانچ ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرگیا، مختلف شہروں میں تراویح اور سحری میں بھی لوڈشیڈنگ جاری، سخت گرمی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نے روزہ داروں کو پریشان کردیا۔ رمضان المبارک میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے حکومت دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے،ملک میں بجلی کا شارٹ فال پانچ ہزار میگاواٹ سے تجاوز کر گیا وزارت پانی و بجلی کے ذرائع کے مطابق بجلی پیدا کرنے والی نجی کمپنیوں کو یومیہ اٹھائیس ہزار کی بجائے پچیس ہزار میٹرک ٹن فرنس آئل فراہم کیا جا رہا ہے، جس کے باعث آئی پی پیز نے بجلی کی پیدوار میں کمی کردی ہے۔ اس وقت بجلی کی سترہ ہزار پانچ سو دو میگاواٹ طلب کے مقابلے میں پیداوار صرف بارہ ہزار پانچ سو دو میگاواٹ ہے۔ پانچ ہزار میگاواٹ کے شارٹ فال کے باعث رمضان میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے حکومتی دعوے دھرے رہ گئے ہیں۔ شہری علاقوں میں بارہ سے چودہ جبکہ دیہی علاقوں میں سولہ سے اٹھارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔ بجلی کی عدم دستیابی کہ وجہ سے پمپنگ اسٹیشن نہ چلنے کے باعث متعدد علاقوں میں پانی کی بھی کمی ہو گئی ہے۔ شدید گرمی اور روزے میں بجلی کی عدم دستیابی نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے اور متعدد علاقوں سے حکومت کے خلاف احتجاج کی اطلاعات آر ہی ہیں۔