23 جولائی 2012
وقت اشاعت: 1:13
پنجاب :حکومت کے بازار عوام کو ریلیف مہیا کرنے میں ناکام
آج نیوز - رمضان المبارک میں حکومت پنجاب کی طرف سے قائم کئے گئے سستے بازار بھی عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ منافع خور اور ذخیرہ اندوز مافیا کے سدباب تک مہنگائی کو کنٹرول کرنا مشکل ہے۔یوں تو رحمتوں کے اس با برکت مہینے میں حکومت پنجاب نے اشیاء ضروریہ کی ارزاں نرخوں پر فراہمی کے لئے صوبے بھر میں سستے بازار قائم کئے ہیں لیکن رمضان سے صرف دو روز پہلے اور آج کی قیمتوں نے لوگوں کے ہوش اڑا دیئے ہیں۔ پالک اور بینگن جو دو روز پہلے دس روپے فی کلو گرام فروخت ہو رہے تھے، آج رمضان بازار میں بھی چالیس روپے فی کلوگرام ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ منافع خور اپنا کام دکھا رہے ہیں، عوام کو ریلیف کس بات کا دیا جا رہا ہے۔چینی، گھی ، آٹے اور دالوں پر بھی حکومت کی طرف سے سبسڈی دی گئی ہے لیکن اکثر علاقوں میں قائم سستے بازاروں میں ان کی کوالٹی مناسب نہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی عوام کو ریلیف دینے کی کوششیں خوش آئند ہیں لیکن منافع خوروں کا راستہ روکنے کے لئے بھی اقدامات کئے جانے چاہئیں۔