23 جولائی 2012
وقت اشاعت: 11:55
انگلینڈ، جنوبی افریقہ کے درمیان میچ دلچسپ مرحلے میں داخل
آج نیوز - اوول ٹیسٹ کا آج آخری روز ہے۔ ہاشم آملہ کی ٹرپل سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا۔ انگلینڈ کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے ایک سو پچاس رنز درکار ہیں اور اس کی چھ وکٹیں باقی ہیں۔ لندن اوول میں کھیل کے چوتھے روزجنوبی افریقہ نے اپنی ادھوری اننگز دو وکٹ چار سو تین رنز پر شروع کی اور چائے کے وقفے پر چھ سو سینتیس رنز دو وکٹ پر ڈکلیئر کردی۔ ہاشم آملہ نے پینتیس چوکوں کی مدد سے تین سو گیارہ رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ جبکہ جیک کیلس ایک سو بیاسی رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ دونوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں تین سو ستتر رنز جوڑے۔ دو سو باون رنز کے خسارے کے ساتھ انگلش ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز کیا اور چوتھے روز کے اختتام پرچا وکٹوں کے نقصان پر ایک سو دو رنز بنالئے تھے۔ انگلینڈ کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لئے مزید ایک سو پچاس رنز کی ضرورت ہے اور اس کی چھ وکٹیں باقی ہیں۔ انگلینڈ نے پہلی اننگز میں تین سو پچیاسی رنز بنائے تھے۔