23 جولائی 2012
وقت اشاعت: 15:30
کراچی سے اغوا ہونیوالی خاتون و بچے سکھر سے بازیاب
آج نیوز - کراچی کے علاقے لیاقت آباد سے ایک ماہ پہلے اغواء ہونے والی خاتون اور ان کے دو بچوں کو سکھر سے بازیاب کرالیا گیا۔ پولیس کے مطابق مغوی رفعت جہاں اور ان کے دو کم عمر بچوں کو لیاقت آباد کے علاقے سے تیس روز قبل اغواء کیا گیا تھا اور بعد ازاں انہیں سکھر منتقل کردیا گیا، مغوی خاتون کا کہنا ہے کہ ایک روز انہوں نے موقع پا کر کراچی میں اپنے گھروالوں کو میسج کیا جس کے بعد جب پولیس نے چھاپہ مارا تو ملزمان خاتون اور ان کے بچوں کو چھوڑ کرفرار ہوگئے۔ مغوی خاتون کا کہنا ہے کہ ملزمان ان پر اور ان کے بچوں پر تشدد کرتے اور جبراً گھریلو کام کراتے تھے۔ بازیاب خاتون اور بچوں کو گذشتہ رات کراچی منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے سکھر پولیس کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں، اغواء کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔ ملزمان کی جانب سے تاوان کا مطالبہ بھی نہیں کیا گیا۔