24 جولائی 2012
وقت اشاعت: 19:7
بلوچستان کے حالات پر وفاق اور صوبائی حکومت سے جواب طلب
آج نیوز - سپریم کورٹ نے بلوچستان کے حالات پر وفاقی اور صوبائی حکومت کی مجاذ انتظامیہ سے کل تک جواب طلب کر لیا،چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے ہیں کہ بلوچستان میں آئینی بریک ڈاوٴن ہو گیا ہے،کوئی فورس بشمول آئی ایس آئی اور ایم آئی کام نہیں کر رہی۔چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے بلوچستان بدامنی کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت چیف سیکریٹری بلوچستان پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کسی کو اس کیس میں دلچسپی نہیں ہے۔ ایف سی کی جانب سے بھی تحریری جواب عدالت میں جمع کرایا گیا چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ عدالتی حکم کے باوجود اب تک لاپتہ افراد بازیاب ہوئے نہ ہی ہلاکتوں کا سلسلہ ختم ہوا۔ عدالتی استفسار پر ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان نے بتایا کہ عدالتی حکم پر ڈیرہ بگٹی میں بارودی سرنگیں صاف کی جا رہی ہیں۔ ایجنسیوں کے وکیل راجہ ارشاد نے بتایا کہ گذشتہ روز کوسٹ گارڈ پر ایف سی یونیفارم میں ملبوس افراد نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں سیکیورٹی اہلکاروں سمیت آٹھ افراد مارے گئے۔ سپریم کورٹ نے مقدمے کی مزید سماعت کل تک کیلئے ملتوی کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی حکومت کی مجاذ انتظامیہ سے جواب طلب کر لیا ہے۔