25 جولائی 2012
وقت اشاعت: 20:3
حج کرپشن کیس: سعودیہ سے آنیوالے گواہان کی شہادتیں قلمبند
آج نیوز - حج کرپشن کیس میں سعودی عرب سے آنے والے دو گواہان کی شہادتیں قلمبند کر لی گئیں، عدالت نے مزید دو گواہان کے بیانات قلمبند کرنے کے لیے سمن جاری کر دیئے۔ راولپنڈی میں حج کرپشن کیس کی سماعت اسپیشل جج سنٹرل کی عدالت میں ڈیوٹی جج محمد احمد فاروقی نے کی۔ دوران سماعت سابق وفاقی وزیر حامد سعید کاظمی، سابق جوائنٹ سیکریٹری آفتاب الاسلام سمیت سعودی عرب سے طلب کیے گئے پاکستانی ہائی کمیشن کے نائب قاصد عبدالرشید اور ڈرائیور محمد یٰسین عدالت میں پیش ہوئے۔ دونوں گواہان نے راؤ شکیل، ان کی اہلیہ اور بیٹے کو بھیجی گئی رقوم کے حوالے سے بیانات قلمبند کرائے۔ عدالت نے مزید دو گواہان، ڈپٹی سیکریٹری مذہبی امور خورشید انور شاہ، سیکشن آفیسر مذہبی امور ظفر اقبال کو بیانات قلمبند کرنے کے لیے طلبی کے نوٹس جاری کرتے ہوئے مقدمے کی مزید سماعت دس اگست تک ملتوی کر دی۔