30 جون 2011
وقت اشاعت: 12:51
بگٹی قتل کیس:سابق ڈی سی او ڈیرہ بگٹی کی گرفتار ی کاحکم
اے آر وائی - کوئٹہ : بلوچستان ہائیکورٹ نے نواب اکبر خان بگٹی قتل کیس میں سابق ڈی سی او ڈیرہ بگٹی عبدالصمد لاسی کی گرفتار ی کا حکم دیتے ہوئے مقدمہ میں نامزد ملزمان کی عدم گرفتاری پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
نواب بگٹی کے صاحبزادے جمیل بگٹی کی جانب سے دائر پٹیشن کی سماعت کے دوران بلوچستان ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس ہاشم خان کاکڑ پر مشتمل ڈویژنل بنچ نے تحقیقات میں سست روی پر شدید برہمی کااظہار کیا۔
عدالت عالیہ نے سابق ڈی سی او ڈیرہ بگٹی عبدالصمد لاسی کی تلاش اور گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر جوڈیشل مجسٹریٹ سے نامزد ملزمان کی گرفتاری کے وارنٹ حاصل کرکے پیش کئے جائیں۔ سماعت کے دوران کرائم برانچ کی رپورٹ میں یہ انکشاف ہوا کہ نواب بگٹی کی نماز جنازہ پڑھانے والے مولوی ملوک نے اپنے بیان میں تبدیلی لاتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے نواب بگٹی کا چہرہ ہی نہیں دیکھا۔
نماز جنازہ سابق ڈی سی او نے زبردستی پڑھوائی تھی۔ سماعت کے بعد اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے نوابزادہ جمیل بگٹی نے کہا کہ موجودہ حکومت سے نواب بگٹی کے قاتلوں کی گرفتاری کے حوالے سے کوئی توقع نہیں ۔