30 جون 2011
وقت اشاعت: 15:47
اسلام آباد ہاؤسنگ سوسائٹی میں گھپلے،کمیشن کی تشکیل پر اتفاق
اے آر وائی - اسلام آباد : اسلام آباد زمین کی خریداری میں چار ارب سے زائد کے گھپلوں کی تحقیقات کے لئے سپریم کورٹ کی طرف سے کمیشن کی تشکیل کی تجویز پر فریقین نے اتفاق کر لیا۔ آئندہ تاریخ پر گرین ٹری کنسٹرکشن کمپنی اپنا تحریری جواب پیش کرے گی .
وفاقی وزیر ہاؤسنگ فیصل صالح حیات نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ زون فور اسلام آباد میں ہاؤسنگ سوسائٹی کے لئے چون ہزار روپے فی کنال مالیت کی اراضی ساڑھے نو لاکھ روپے کے حساب سے خریدی گئی اور پھر اسی کمپنی کو اس علاقے کی ڈویلپمینٹ کے لئے تیرہ لاکھ روپے فی کنال کے حساب سے ٹھیکہ بھی دے دیا گیا۔ اسطرح قومی خزانے کو چار ارب اسی کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔
عدالت نے معاملے کی تحقیقات کے لئے جسٹس اعجاز چوہدری کی سربراہی میں کمیشن تشکیل دینے کی تجویز دی ہے جس سے دونوں فریقوں نے اتفاق کر لیا ہے۔ تاہم گرین ٹری کنسٹرکشن کمپنی کا موقف ہے کہ زمین کی قیمت کے بارے میں وفاقی وزیر غلط بیانی کر رہے ہیں۔ مقدمے کی مزید سماعت گیارہ جولائی تک کے لئے ملتوی کر دی گئی۔