30 جون 2011
وقت اشاعت: 18:20
خروٹ آباد تحقیقاتی ٹربیونل نے بنیادی ذمہداروں کا تعین کردیا
اے آر وائی - کوئٹہ : خروٹ آباد واقعے کے تحقیقاتی ٹریبونل نے سانحے کا بنیادی ذمہ دار پولیس کے اے ایس آئی رضا خان اور ایس ایچ او ایئرپورٹ تھانہ فضل الرحمان کو قرادیتے ہوئے ان کے خلاف سخت کارروائی کی سفارش کی ہے ۔
ذرائع نے اے آروائی نیوز کوبتایا ہے کہ ٹریبونل نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ایف سی کے لیفٹننٹ کرنل فیصل شہزاد اور سابق سی سی پی او کوئٹہ محمد داؤد جونیجو نے معاملے کو غلط طریقے سے ہینڈل کیا، جس پر ان دونوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے ۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پانچوں غیر ملکی غیر قانونی طریقے سے کوئٹہ آئے تھے تاہم انہیں فائرنگ کرکے ہلاک کرنے کا کوئی جواز نہیں تھا،رپورٹ میں بم ڈسپوزل اسکواڈ کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور آلات کی فراہمی کی سفارش کی گئی ہے۔
ادھر صوبائی حکومت نے ٹربیونل کی رپورٹ پر کارروائی کے حوالے سے موقف تبدیل کرتے ہوئے ذمہ دار اہلکاروں اور افسران کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے تاہم صوبائی محکمہ داخلہ کے حکام نے اس سلسلے میں ہنوز کوئی احکامات موصول ہونے کی تردید کی ہے۔