30 جون 2011
وقت اشاعت: 20:11
اٹھارویں ترمیم :عملدرآمد کمیشن تحلیل کردیا گیا
اے آر وائی - اسلام آباد : اٹھارہویں ترمیم کے تحت سترہ وزارتوں کی صوبوں کو منتقلی کا عمل مکمل ہونے کے بعد پارلیمانی عملدرآمد کمیشن تحلیل کردیا گیا ہے جبکہ کمیشن کے چیئرمین سینیٹر رضا ربانی نے ملنے والی سرکاری گاڑی اور اسٹاف بھی حکومت کو واپس کردیا ہے.
اٹھارہویں ترمیم کے تحت وزارتوں کی صوبوں کو منتقلی تین مرحلوں میں مکمل کی گئی ۔اٹھارہویں ترمیم پر عملدرآمد کیلئے قائم کمیشن نو ارکان پر مشتمل تھا، جس کے سربراہ سینیٹر رضا ربانی اور ڈپٹی چیئرمین اسحاق ڈار تھے۔ ارکان میں نوید قمر ، وسیم سجاد ، رحمت اللہ کاکڑ ، افراسیاب خٹک ، فاروق ستار ، ڈاکٹر عبدالمالک ، آفتاب احمد خان شیر پاؤ اور خدا بخش راجڑ شامل تھے ۔