1 جولائی 2011
وقت اشاعت: 11:2
سیاسی جماعتوں میں جمہوری کلچر کو فروغ دینا ہوگا،نوازشریف
اے آر وائی - لاہور: مسلم لیگ نواز کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ مضبوط سیاسی جماعتیں ہی مضبوط وفاق اورعوام کی خوشحالی کی ضامن ہو سکتی ہیں ۔ لاہور میں مسلم لیگ(ن) صوبہ سندھ رابطہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں جمہوری کلچر کا فروغ مفاداتی سیاست کے خاتمے کا باعث ہوگا اگر سیاسی جماعتوں کی تنظیم جمہوری بنیادوں پر تشکیل دی جائے اور اسے گلی محلے تک پہنچا دیا جائے تو غیرجمہوری قوتوں کے زندہ ہونے کے امکانات کو معدوم کیا جاسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج تعصب فرقہ پرستی انتہا پسندی اور نفرت کی فضا کو محبت بھائی چارے برداشت اور اتحاد میں بدلنے کی ضرورت ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ ہم تو جنرل ریٹائر مشرف کی آمرانہ حاکمیت کو ختم کرنے کے لئے جدوجہد کرتے رہے اور اس میں کامیابی بھی حاصل کی لیکن اس دور میں جنم لینے والی ذہنیت آج فسطائی لب ولہجہ اختیار کررہی ہے جس کی روک تھام تمام جمہوری قوتوں کی اولین ذمہ داری ہے۔
قائد مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ اتفاق رائے سے قومی ایجنڈے کی تشکیل اور اس کی تکمیل ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ مسلم لیگ ن کی سندھ رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں سینئر مسلم لیگی راہنما مخدوم شاہنواز کی وفات پر گہرے غم ودکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے خاندان کے ساتھ اظہار یکجہتی بھی کیا گیا۔