2 جولائی 2011
وقت اشاعت: 10:19
حکومت نے غیرمنصفانہ فیصلوں سے آئین پامال کیا،نواز
اے آر وائی - لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف نے کہا کہ آئین نے صوبوں کو اٹھارویں ترمیم کے ذریعے جو انصاف مہیا کیا ہے پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے اپنے غیر منصفانہ فیصلوں سے اسے پامال کردیا ہے جو آئین کی صریحا خلاف ورزی ہے.
ماڈل ٹاون لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر مسلم لیگ ن کی صوبائی کوآرڈینیشن کمیٹی بلوچستان کے اجلاس سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی وسائل کی صوبوں کو منتقلی میں رکاوٹ بن رہی ہے ۔ جس کی بدترین مثال آئین کے مطابق سات وزارتوں کی منتقلی ہے جہاں ذمہ داریاں تو صوبوں کو منتقل کردی گئی ہیں لیکن وسائل وفاق نے اپنے پاس رکھ لیئے ہیں۔
ماضی میں بھی اسی طرز عمل نے ملک کو نا قابل تلافی نقصانات پہنچائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ امن سے ملک کا امن وابستہ ہے اور بلوچ عوام کے زخموں پر مرہم رکھنا وقت کی ضرورت ہے۔