3 جولائی 2011
وقت اشاعت: 16:58
مفاہمت نہ ماننے والے ایم کیو ایم سے بات کرنے جارہے ہیں
اے آر وائی - ملتان : وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ مفاہمت کو نہ ماننے والے آج ایم کیو ایم سے بات کرنے جارہے ہیں، ہم نے جوکہا وہ کیا، کبھی لالی پاپ نہیں دیا۔
ملتان میں میڈیا سے بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ شروع ہی سے مفاہمتی سیاست کی ہے۔ اٹھارویں اور انیس ویں ترمیم ، صوبائی خودمختاری اور ساتواں این ایف سی ایواڈ مفاہمتی سیاست کے ثمرات ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیاست دن بدن بدلتی ہے تاہم مفاہمتی سیاست جاری رہے گی، مڈٹرم الیکشن کا وقت گزرگیا ، صوبائی حکومتیں بلدیاتی الیکشن کی طرف جائیں ۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ شمسی ائر بیس سے ڈرون حملوں کی اجازت ہم نے نہیں دی بلکہ یہ سابقہ حکومت کا کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی قیمت میں اضافہ گھریلو نہیں صرف کمرشل استعمال پر ہو گا۔