5 جولائی 2011
وقت اشاعت: 14:18
ڈونرز ممالک تھرکول کےلئےفنڈزفراہم کرنے کیلئےتیارہیں،ثمرمبارک
اے آر وائی - اسلام آباد : معروف سائنسدان ڈاکٹر ثمر مبارک مند نے عندیہ دیا ہے کہ اگر حکومت نے تھر کول منصوبے کے لئے فنڈز فراہم نہ کئے تو ڈونرز ممالک کی مدد سے اس منصوبے پر کام شروع کیا جائے۔
ایوان صنعت و تجارت اسلام آبادمیں تاجربرادری سے خطاب میں ڈاکٹر ثمر مبارک مند نے بتایا کہ چین کی کمپنی نے تھرکول کوگیس میں بدلنے کے منصوبے کے لئے ایئر کمپریسر کی فراہمی سے انکار کردیا ہے ، اب کراچی اور لاہور کی کباڑی مارکیٹ سے ائیر کمپریسر لے کر کام شروع کیا جائے گا ،اگر ائیر کمپریسر بروقت دستیاب ہوں تو چند ماہ کے اندر بجلی کی پیداوار شروع ہوسکتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اس منصوبے کے لئے فنڈز فراہم نہیں کررہی ، گذشتہ سال 75لاکھ اور اس سال 41لاکھ روپے رکھے گئے ہیں ، اگریہی صورتحال رہی تو چار ڈونرز ممالک فنڈز کی فراہمی کے لئے تیار ہیں ، ان سے مدد لی جائے گی، ڈاکٹر ثمر مبارک مند کا کہنا تھا کہ توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے متبادل توانائی کے ذرائع پر توجہ دینا ہوگی۔