5 جولائی 2011
وقت اشاعت: 14:27
دوہری شہریت والے عوامی نمائندوں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ
اے آر وائی - اسلام آباد : قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف نے دوہری شہریت کے حامل عوامی نمائندوں کے خلاف کارروائی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے قوانین پہلے سے موجود ہیں اس لئے کسی نئی قانون سازی کی کوئی ضرورت نہیں۔
قائمہ کمیٹی کا اجلاس منگل کو کمیٹی کی چیئرپرسن بیگم نسیم اختر چوہدری کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔ کمیٹی نے مسلم لیگ ن کی رکن قومی اسمبلی تسنیم صدیقی کا دوہری شہریت کے حوالے سے عوامی نمائندگی ایکٹ میں ترمیم کا مجوزہ بل خارج کر دیا۔
جھوٹی ایف آئی آر کے اندراج کی سزا تین ہزار روپے جرمانہ سے بڑھاکر دو لاکھ روپے جرمانہ کرنے اور قید چھ ماہ سے بڑھاکر پانچ سال کرنے کے حوالہ سے مسلم لیگ ن کی رکن نزہت صادق کے مجوزہ پرائیوٹ ممبر بل پر عبدالغفور چوہدری کی زیر قیادت کمیٹی قائم کر دی۔