5 جولائی 2011
وقت اشاعت: 14:36
کمپیوٹرائزڈ انتخابی فہرستوں کی تکمیل رواں سال کے آخر تک ہوگی
اے آر وائی - اسلام آباد : نادرا کے تصدیق شدہ آٹھ کروڑ افراد پر مشتمل ووٹرز لسٹوں کی گھر گھر تصدیق کے بعد اور کمپیوٹزائزڈ انتخابی فہرستوں کی تکمیل کا عمل رواں سال کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا۔ آئندہ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے لئے اپنی شہریت ظاہر کرنا ضروری ہو گا اور دوہری شخصیت رکھنے والا شخص انتخابات میں حصہ نہیں لے سکے گا ۔
اسلام آباد میں نادرا اور پاپولیشن سنسز آرگنائزیشن کے حکام کے ساتھ اجلاس کے بعد سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان نے میڈیا کو بتایا کہ دوہزارسات میں آٹھ کروڑ ساٹھ لاکھ ووٹرز کی فہرست نادراکوفراہم کی گئی تھی،جن میں سے تین کروڑ ستر لاکھ ووٹرز کی نادرا نے تصدیق نہیں کی۔ اب تین کروڑ ساٹھ لاکھ نئے ووٹرز فہرست میں شامل کئے گئے ہیں۔
ڈپٹی چیئرمین نادرا طارق ملک کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین سال میں ساڑھے تین کروڑ سے زائد افراد کو شناختی کارڈز جاری کئے گئے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی میں شہریت کا کالم بھی شامل کیاجائے گا ۔