5 جولائی 2011
وقت اشاعت: 18:6
کراچی میں دہشت گردی پر الطاف حسین کا اظہار مذمت
اے آر وائی - لندن : ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کراچی کے مختلف علاقوں میں آبادیوں پر حملوں، گھروں کو نذرآتش کرنے اور لوگوں کو گولیوں کا نشانہ بنانے کے واقعات کی شدید مذمت کی ہے .
اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ آج مسلح دہشت گردوں اورجرائم پیشہ عناصرنے قصبہ کالونی، اورنگی ٹاوٴن،کٹی پہاڑی اور دیگرملحقہ علاقوں میں گھروں پر حملے کئے جس میں گناہ افرادکوگولیاں مارکرشہیدوزخمی کردیاگیا۔ جبکہ پولیس وانتظامیہ خاموش تماشائی بنی رہی۔
الطاف حسین نے صدر اور وزیراعظم کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیوایم نے حکومت سے علیحدگی کاجوفیصلہ کیا ہے کیااس کی سزااس طرح دی جائے گی کہ کراچی کے نہتے شہریوں کودہشت گردوں کے ذریعے بربریت کانشانہ بنایاجائے گااوران دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے بجائے انکی پشت پناہی کی جائے گی؟۔
انہوں نے کہاکہ اگردہشت گردی اور آبادیوں پر حملوں کایہ سلسلہ بندنہیں کرایا گیاتو ایم کیو ایم بھی پرامن احتجاج پر مجبورہوگی، اگرہم نے اس دہشت گردی کے خلاف کل سے ہڑتالوں اور احتجاج کااعلان کیا توپھریہ ہڑتال ایک دن کی نہیں ہوگی بلکہ اس دہشت گردی اور حکومت کے خاتمہ تک جاری رہے گی۔ الطاف حسین نے کہاکہ میں اے این پی کے سربراہ اسفندیارولی سے درخواست کرتاہوں کہ وہ اپنے لوگوں کومتنبہ کریں۔