5 جولائی 2011
وقت اشاعت: 18:15
کراچی ، فائرنگ کے واقعات میں سات جاں بحق
اے آر وائی - کراچی : کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے سات افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ۔ سی سی پی او کراچی سعود مرزا نے کہا ہے کہ اورنگی ٹاون کے حالات کو کنٹرول کرنے کیلئے کمانڈو ز کی خدمات حاصل کرلی گئی ہے جبکہ وزارت داخلہ کو شہر میں ڈبل سواری پر پابندی کی سفارش کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق اورنگی ٹاؤن میں قصبہ کالونی موڑ پر دو گروپوں کے درمیان شدید فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد ہدایت اللہ ، اعجاز ، جاوید اور گل نواب ہلاک ہو گئے ۔ فائرنگ کے زد میں آ کر نجی ٹی وی کے کیمرہ مین بھی زخمی ہو گئے ۔قصبہ کالونی میں ایک بس کو بھی آگ لگا دی گئی ۔ قصبہ کالونی میں زخمی ہونے والا ایک شخص اسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ گیا ۔
حسن اسکوائر کے قریب عیسیٰ نگری میں بھی دو طلبہ تنظیموں کے درمیان فائرنگ میں ایک خاتون سمیت دو افراد زخمی ہو گئے جبکہ علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ۔دوسری جانب اے آروائی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے سی سی پی او کراچی کا کہنا تھاکہ اورنگی ٹاون میں دو متحرک گروپوں کے درمیان فائرنگ ہورہی ہے جسے کنٹرول کیلئے پولیس کی اضافی نفری اور کمانڈ وزکی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ حالات کو معمول پر لانے اور عوام کے جانوں مال کے تحفظ کیلئے سرچ آپریشن کیا جائیگا اور فائرنگ میں ملوث عناصر کو گرفتار کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائینگے۔