6 جولائی 2011
وقت اشاعت: 13:18
کراچی: سرفراز شاہ قتل کیس کی سماعت کل تک کیلئے ملتوی
اے آر وائی - کراچی : انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سرفراز شاہ قتل کیس کی سماعت کل تک کے لیے ملتوی کردی۔ سماعت کے دوران آج ایس ایچ او بوٹ بیسن نصیر تنولی نے اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔ رینجرز کے وکلا نے مقدمہ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چلنے کے فیصلے کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔
سماعت کے دوران ایس ایچ او بٹ بیسن نصیر تنولی نے اپنا بیان ریکارڈ کراتے ہوئے کہا کہ واقعہ کے روز ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ رینجرز نے انہیں ہیڈکوارٹر طلب کیا ۔ اس وقت مقدمے میں نامزد رینجرز سب انسپکٹر بہاؤ الرحمان بھی وہاں موجود تھا۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ نے مقتول سرفراز کا سامان اس کے حوالے کیا اور بتایا کہ مقابلے میں ہلاک ہونے والے ڈاکو سے یہ سامان برآمد ہوا ہے۔ اسی بنیاد پر مقدمہ درج کیا جائے۔ ادھر رینجرز کے وکلا نے مقدمہ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چلنے کے فیصلے کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔ عدالت نے مقدمے کی سماعت کل تک کے لیے ملتوی کردی۔