6 جولائی 2011
وقت اشاعت: 17:12
فلڈکمیشن رپورٹ پر عملدرآمد کے لیے درخواست دائر
اے آر وائی - اسلام آباد: سابق رکن اسمبلی ماروی میمن نے فلڈ کمیشن کی رپورٹ پر عملدرآمد نہ کئے جانے پر سپر یم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی ہے۔
توہین عدالت کی یہ درخواست پنجاب اور سندھ حکومت کے خلاف دائر کی گئی ہے۔ فلڈ کمیشن نے اپنی رپورٹ میں قرار دیا تھا کہ ٹوڑی بند توڑے جانے میں کوئی سیاسی دباؤ سامنے نہیں آیا تاہم اس بند کا ٹوٹنا اداروں کی غفلت کا نتیجہ ہے۔ کمیشن نے اس غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جانے کی سفارش کی تھی۔
سپریم کورٹ نے مقدمہ نمٹاتے ہوئے حکم دیا تھا کہ فلڈ کمیشن کی رپورٹ پر من و عن عملدرآمد کیا جائے لیکن پنجاب اور سندھ حکومتوں نے اب تک کسی کے خلاف بھی کارروائی کا آغاز نہیں کیا جس پر دونوں حکومتوں کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی ہے۔