8 جولائی 2011
وقت اشاعت: 5:39
کراچی میں شرپسندوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم
اے آر وائی - کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک کی مشترکہ صدارت میں وزیراعلیٰ ہاؤس میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں کراچی شہر میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ راجا محمد عباس آئی جی پولیس سندھ واجد درانی، قائم مقام ڈائریکٹر جنرل رینجرز سندھ بریگیڈیئر ظفر اقبال، ایڈیشنل چیف سیکریٹر ی وسیم احمد، سی سی پی او کراچی سعود مرزا، کراچی کے تینوں ڈی آئی جیز اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے سربراہ شامل تھے۔
اجلاس میں کراچی شہر میں امن و امان کی صورتحال کو قابو رکھنے کیلئے مجرموں اور قانون شکن افراد کیخلاف سخت کارراوئی اور اسلحہ بردار ملزمان کو موقع پر گولی مارنے کا حکم دیا گیا۔ اجلاس میں پولیس اور رینجرز کو شہر میں امن و امان کی صور تحال کی فوری بحالی کیلئے مکمل اختیارات دینے کی بھی توسیع کی گئی۔ اجلاس میں تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا گیا کہ وہ شہر میں قیام امن اور عوام کی جان و مال کی حفاظت کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔