8 جولائی 2011
وقت اشاعت: 10:33
سلیم شہزاد قتل،مولن سے منسوب بیان غیر ذمہ دارانہ ہے،پاکستان
اے آر وائی - اسلام آباد : حکومتی ترجمان نے کہا ہے کہ سلیم شہزاد قتل کے بارے میں ایڈمرل مائیک مولن سے منسوب بیان انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے اور کچھ طاقتیں اس معاملے کو پاکستان اور جمہوری حکومت کے خلاف استعمال کرنا چاہتی ہیں۔
اپنے بیان میں حکومتی ترجمان نے کہا ہے کہ مائیک مولن جیسے بیانات سے معاملے کی تہہ تک پہنچنے میں مدد نہیں مل سکتی ۔ حکومتی ترجمان کاکہناہے کہ حکومت پاکستان پہلے ہی ایک غیر جابندارانہ ، آزاد اور خود مختار کمیشن تشکیل دے دیا ہے جس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس کوئی ثبوت ہے تو وہ کمیشن کے سامنے لائے جبکہ اگر کسی نے بین الاقوامی سطح پر کچھ کہناہے تو وہ اس کمیشن کے سامنے پیش کرے۔ تاہم اگراس کے علاوہ کوئی بیان دیاجاتا ہے تو اسے کمیشن کی کارروائی متاثر کرنے کی کوشش کے مترادف لیا جائے گا۔