8 جولائی 2011
وقت اشاعت: 14:32
پارٹی رکنیت ختم کی گئی تو دوسرے آپشن موجود ہیں،محمود قریشی
اے آر وائی - اسلام آباد : پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پارٹی سے ان کی رکنیت ختم کی گئی توان کے پاس دیگر سیاسی جماعتوں میں شمولیت سمیت کئی آپشنز موجود ہیں۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کے فیصلے کے بعد وہ اپنے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ وہ جمہوری آمروں کے خلاف علم بغاوت بلند کرتے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف سے ان کی ملاقات کو بنیاد بنا کر یہ کہا جا رہا ہے کہ پارٹی کے قواعد وضوابط کی خلاف وزری کی گئی ہے ۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے ساتھ بے نظیر بھٹو نے مفاہمت کی تھی ۔پیپلز پارٹی نے ان کے ساتھ جمہوریت کی بحالی کی جدو جہد کی اور پنجاب میں تین سال تک مخلوط حکومت رہی ہے تو ان ملاقات میں کون سی ایسی بات ہے جس سے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی ہو گئی ہو۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی میں ایک ٹولہ ہے جو پارٹی کو ایڈہاک انداز میں چلا رہا ہے اور کارکن مایوس ہیں اور بے نظیر بھٹو جن چہروں سے لاتعلق ہو چکی تھیں آج و ہ پارٹی کی فرنٹ لائن میں پائے جاتے ہیں۔