8 جولائی 2011
وقت اشاعت: 16:49
جاپان پاکستان کو پولیو پروگرام کیلئے50ملین ڈالر فراہم کریگا
اے آر وائی - اسلام آباد : جاپان پاکستان کو پولیو کے خاتمے کے پروگرام کیلئے مزید پچاس ملین ڈالر فراہم کرے گا۔ یہ بات جاپان کے سفیر ہیروشی نے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کے دوران بتائی۔
وزیراعظم نے پولیو کے خاتمے کیلئے جاپانی حکومت کے مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے یاد دلایا کہ پاکستان میں جب یہ پروگرام شروع کیا گیا تو شہید محترمہ کی بیٹی آصفہ پہلی بچی تھی جسے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور جاپان آئندہ سال اپنے سفارتی تعلقات کی ساٹھویں سالگرہ منائیں گے جس کے دوران اعلیٰ سطح کے وفود اور ثقافتی سرگرمیوں کا تبادلہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان کثیر الجہتی تعلقات ہیں اور ہمیشہ ضرورت کی گھڑی میں ایک دوسرے کی مدد کی ہے۔ وزیراعظم نے عالمی سطح پر اور گزشتہ سال کے تباہ کن سیلاب اور 2005ء کے زلزلے کے بعد جاپانی حکومت کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے فرینڈز آف پاکستان کی تنظیم اور ٹوکیو میں ڈونرز کانفرنس کے انعقاد کیلئے جاپان کے تعاون کا بھی اعتراف کیا جہاں جاپانی حکومت نے ایک ارب ڈالر کی امداد کا اعلان کیا۔ جاپانی سفیر نے حال ہی میں جاپان میں زلزلے اور سونامی کے بعد پاکستان کی امداد کو سراہا۔