8 جولائی 2011
وقت اشاعت: 18:21
سندھ میں کمشنری نظام فوری بحال کرنے کاحکم
اے آر وائی - اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت ہونے والے اعلیٰ سطح اجلاس میں منظور حسین وسان کو وزیر داخلہ سندھ بنانے اور کراچی میں کمشنری نظام کو فوری بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ اس حوالے سے مقامی حکومتوں کے نظام کے آرڈیننس میں بھی ترمیم لائی جائے گی تاکہ اس آرڈیننس کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اور وزیر داخلہ رحمن ملک نے کراچی میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے شرکا کو تفصیلی طورپر بریفنگ دی جبکہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی میں امن و امان کو کسی بھی قیمت پر برقرار رکھا جائے گا اور حکومت رٹ چیلنج کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
صدر کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی شہر کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے اور عوام کو درپیش مشکلات دور کرنے حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اجلاس میں کراچی میں گزشتہ چار دنوں کے دوران ہونے والی ہلاکتوں پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا گیا جبکہ صدر زرداری نے صوبائی حکام کو ہدایات جاری کیں کہ کراچی میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے واضح حکمت عملی کی جائے جبکہ سیاسی قوتیں کراچی میں حالات کو معمول پر لانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ ، وزیر داخلہ رحمن ملک ، وزیر مذہبی امور سید خورشید شاہ ، وزیر پانی و بجلی سید نوید قمر ، پیر مظہر الحق سیدمراد علی شاہ ، منظور حسین وسان ، نواب میر نادر علی خان مگسی ، آغا سراج درانی ، ذوالفقار مرزا ، فریال تالپور اور بابر اعوان سمیت دیگر حکام نے شرکت کی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ حکومت مفاہمتی پالیسی کو جاری رکھے گی۔