9 جولائی 2011
وقت اشاعت: 5:35
کراچی ،متاثرہ علاقوں میں آپریشن جاری
اے آر وائی - کراچی : شہر میں دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں رینجرز کا آپریشن جاری ہے اور اب تک ایک درجن سے زائد افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے ، رینجرز نے کٹی پہاڑی پر کنٹرول حاصل کر لیا جبکہ دیگر علاقوں سے بھی محصورین کو نکالنے کا کام جاری ہے ۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں منگل سے شروع ہونے والے پرتشدد واقعات کے بعد آخر کار قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آ ہی گئے اور رینجرز نے کٹی پہاڑی ، قصبہ کالونی اور دیگر متاثرہ علاقوں میں شر پسندوں کے خلاف آپریشن شروع کر دیا ہے ۔ کٹی پہاڑی پر رینجرز نے مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے اور گزشتہ دس گھنٹوں کے آپریشن میں اب تک درجن سے زاہد افراد کو حراست میں لے لیا گیا ۔
دوسری جانب آج کی تاریخ میں قصبہ کالونی میں فائرنگ کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا ۔ادھر کٹی پہاڑی سمیت دیگر علاقوں سے مکینوں کی نقل مکانی جاری ہے اور اب تک پچاس سے زاہد خاندانوں کو نکالا جا چکا ہے ۔متاثرہ علاقوں میں سخت چیکنگ کی جا رہی ہے اور شناخت کے بعد ہی ان علاقوں سے باہر نکلنے یا اندر جانے کی اجازت دی جا رہی ہے ۔ متاثرہ علاقوں میں اشیاءضروریہ کی انتہائی قلت ہو گئی ہے اور آج بھی تمام دکانیں ،ٹرانسپورٹ اور پیٹرول پمپس وغیرہ بند ہیں ۔