9 جولائی 2011
وقت اشاعت: 5:45
بلوچستان: پی بی 26 جعفرآباد 2 میں پولنگ جاری
اے آر وائی - جعفرآباد : بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی چھبیس جعفرآباد، دو، میں ضمنی الیکشن کے سلسلے میں پولنگ جاری ہے ۔ ضلعی انتظامیہ نے تمام پولنگ اسٹیشنوں کو انتہائی حساس قرار دے کر اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے ۔
حلقہ پی بی چھبیس جعفرآباد دو کی نشست میر ظہور خان کھوسہ کے بی اے کی ڈگری جعلی ہونے کے بعد خالی قرار دی گئی تھی ۔ اس نشست پر رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد ایک لاکھ ترپن ہزار سات سو ہے جہاں چھیاسی پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں جبکہ چھبیس امیدوار ضمنی الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں ۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار میر عبدالرحمن جمالی اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوار میر نعیم کھوسہ کے درمیان انتخابی دنگل کا امکان ہے ۔
ضلعی انتظامیہ نے پرامن اور منصفانہ الیکشن کیلئے حلقے میں پولیس، بلوچستان کانسٹیبلری اور ایف سی کے دو ہزار سے زائد جوان تعنیات کئے ہیں۔ صبح آٹھ بجے سے شروع ہونے والے پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہے گی ۔ مسلم لیگ (ن) کے صوبائی کنوینر سردار ثناء اللہ زہری ضمنی الیکشن کو مانیٹر کر رہے ہیں جبکہ سابق وزیراعظم میر ظفراللہ خان جمالی بھی علاقے میں موجود ہیں جن کے بھائی عبدالرحمن جمالی پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر انتخاب لڑ رہے ہیں۔