10 جولائی 2011
وقت اشاعت: 9:21
کراچی:157 شر پسند گرفتار،فائرنگ کا سلسلہ رک گیا
اے آر وائی - کراچی : اورنگی سمیت دیگر بد امنی کے شکار علاقوں میں رینجرز نے کنٹرول سنبھال لیااور 157 افرادکو گرفتار کر لیا گیا جس کے بعد فائرنگ کا سلسلہ رک گیا دوسری جانب قصبہ کالونی کے مکینوں نے بے گناہ افراد کی گرفتاری کے خلاف مظاہرہ کیا ۔
اورنگی ٹاؤن ، کٹی پہاڑی ، قصبہ کالونی ، علی گڑھ کالونی ، بنارس کالونی ، بلدیہ اور دیگر علاقوں میں رینجرز نے کنٹرول سنبھال لیا اور شر پسندی کے الزام میں 157 افراد کو گرفتار کر لیا اور دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے ۔ قصبہ کالونی سے پچاس سے زائد خاندان شہر کے دوسرے علاقوں میں نقل مکانی کر چکے ہیں اور یہ سلسلہ ابھی بھی جاری ہے ۔
رینجرز کی آمد کے بعد بد امنی کا شکار ان علاقوں کے مکینوں نے سکھ کا سانس لیا تاہم یہاں اشیاءضروریہ کی قلت پیدا ہو چکی ہے ، رینجرز حکام نے مکینوں سے اپیل کی ہے کہ وہ نقل مکانی نہ کریں تاہم مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ رینجرز کے جانے کے بعد یہاں ایک بار پھر دہشت گرد قابض ہو جائیں گے ۔
دوسری جانب قصبہ کالونی ڈھائی نمبر اے ون ایریا کے مکینوں نے بے گناہ افراد کی گرفتاری کیخلاف مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں شریک خواتین کا کہنا تھا کہ رینجرز نے علاقے میں دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کے بجائے بے گناہ نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے۔ مظاہرین نے رینجرز حکام سے مطالبہ کیا کہ بے گناہ افراد کو فوری رہا کیا جائے اور اورنگی ٹاون میں کشیدگی پھیلانے والی اصل کو عنا صر کو گرفتار کیا جائے۔